نیویارک ، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو نے ہفتے کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ 2022-23 کے دوران عالمی سطح پر صحافیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے، جو پچھلے دو سالوں کے مقابلے میں نمایاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کام کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد 162 رہی، جو کہ 38 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آڈرے ازولے نے کہا کہ 2022 اور 2023 میں ہر چار دن میں ایک صحافی کو صرف اپنے حقوق کی حفاظت کرنے کی کوشش میں قتل کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ ان ہلاکتوں کے بیشتر مقدمات میں مجرمان کو سزا نہیں ملی۔
انہوں نے ممالک پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں کہ ان جرائم کے مجرمان کبھی بھی سزا سے نہ بچ سکیں۔دو سالوں میں لاطینی امریکہ اور کیریبین میں قتل کی سب سے زیادہ تعداد 61 تھی جبکہ صحافیوں کے لیے سب سے کم مہلک عالمی خطہ شمالی امریکہ اور مغربی یورپ تھا جہاں چھ ہلاکتیں ہوئیں۔رپورٹ میں یہ بھی پتہ چلا کہ 2017 کے بعد پہلی بار 2023 میں زیادہ تر مقتول صحافی تنازعات والے علاقوں میں ہلاک ہوئے۔ یہ تعداد 44 تھی جو اس سال کی کل تعداد کا 59 فیصد ہے۔
کئی برسوں سے تنازعات میں ہونے والی اموات کی تعداد گھٹ رہی تھی لیکن حالیہ واقعات نے یہ رجحان تبدیل کر دیا ہے۔2022-23 میں ہلاک شدہ صحافیوں میں 14 خواتین تھیں جو کل تعداد کا نو فیصد ہے جبکہ کم از کم پانچ کی عمریں 15-24 کے درمیان تھیں۔صحافیوں کی تقریباً تمام ہلاکتوں کے مقدمات حل نہیں ہوئے۔انفرادی ممالک کی جانب سے ارسال کردہ جوابات کے مطابق 2006 کے بعد سے یونیسکو کے شناخت کردہ 85
فیصد کیسز بدستور حل نہیں ہوئے یا لاوارث چھوڑ دیئے گئے۔
لیکن کھلے مقدمات کے بارے میں تازہ معلومات کے لیے یونیسکو نے جن 75 ممالک سے رابطہ کیا تو 17 ممالک نے بالکل جواب نہیں دیا اور نو نے درخواست کو تسلیم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔حتیٰ کہ صحافیوں کے قتل کے جو 210 کیسز حل ہوئے، ان میں اوسطاً چار سال وقت لگا۔رپورٹ کے مصنفین نے لکھا، ”انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف سے انکار ہے۔صحافیوں کے قتل پر سزا سے معافی کے خلاف یونیسکو سالانہ تشہیری مہم کا انعقاد کرتا ہے۔ اس سال یہ چھے نومبر کو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں بحرانوں کی رپورٹنگ کے دوران صحافیوں کی حفاظت پر ایک کانفرنس منعقد کرے گا۔